مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، قطر کے وزیراعظم اور وزارت خارجہ کے سربراہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے ایرانی عبوری وزیرخارجہ علی باقری کنی سے ٹیلفون پر رابطہ کیا اور غزہ سمیت خطے کی صورتحال پر گفتگو کی۔
اس موقع پر علی باقری نے صدر رئیسی اور وزیرخارجہ عبداللہیان کی شہادت کی مناسبت سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے پر قطر کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
علی باقری نے کہا کہ ایران اور قطر شہید صدر رئیسی اور شہید عبداللہیان کے اقدامات کے تحت باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور غزہ کے مظلوم عوام کا مختلف پلیٹ فارمز پر دفاع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ رفح پر صہیونی حکومت کے مظالم بڑھ رہے ہیں۔ اسلامی ممالک کو متحد ہوکر صہیونی حکومت کو روکنے کے لئے اقدام کرنا ہوگا۔ صہیونی حکومت کے حملوں کا ہر حال میں جواب دیا جائے گا۔
اس موقع پر قطر کے وزیراعظم نے کہا کہ قطر کے امیر خطے کے ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کے مظالم کی وجہ سے غزہ کے حالات نہایت پریشان کن ہیں۔ قطر صہیونی حملوں کو روکنے اور فلسطینی عوام تک امدادی سامان ترسیل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے رفح میں جاری صہیونی جارحیت کو روکنے کے لئے اسلامی ممالک کی تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلانے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
آپ کا تبصرہ